ترکی: مغربی شہر ازمیر میں کار بم دھماکا ، دو افراد ہلاک

0
756
People react after an explosion outside a courthouse in Izmir, Turkey, January 5, 2017. REUTERS/Hakan Akgun EDITORIAL USE ONLY. NO RESALES. NO ARCHIVE.

 

ترکی کے مغربی شہر ازمیر میں ایک عدالت کے احاطے میں کار بم دھماکے میں دو افراد ہلاک اور کم سے کم دس زخمی ہوگئے ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز نے جھڑپ میں دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

ازمیر کے گورنر ایرول یلدیز نے بتایا ہے کہ دھماکے میں ایک پولیس افسر اور عدالت کا ایک ملازم ہلاک ہوا ہے۔پولیس نے جنگجوؤں کے قبضے سے دو کلاشنکوف اور آٹھ دستی بم بھی برآمد کرلیے ہیں۔انھوں نے مزید بتایا ہے کہ بم دھماکے کی جگہ کے نزدیک بارود سے بھری ایک اور کار کو دھماکے سے اڑایا گیا ہے۔

گورنر یلدیز نے ابتدائی معلومات کے حوالے سے کہا ہے کہ اس حملے میں علاحدگی پسند کالعدم کردستان ورکرز پارٹی ( پی کے کے) کے ملوث ہونے کا امکان ہے۔

انھوں نے بتایا ہے کہ عدالت کے احاطے میں پراسیکیوٹرز اور ججوں کے داخلی راستے پر قائم ایک چیک پوسٹ پر پولیس نے ایک کار میں سوار مشکوک افراد کو تلاشی کے لیے روکا تھا۔اس کے بعد ان کے درمیان جھڑپ شروع ہوگئی جس میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں اور ایک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی اناطولو کے مطابق عدالت کے راستے میں قائم چیک پوائنٹ پر دہشت گردوں نے ایک کار کو دھماکے سے اڑایا ہے۔اس کے بعد متعدد ایمبولینس گاڑیاں بم دھماکے کی جگہ کی جانب جاتی دیکھی گئی ہیں۔ زخمیوں کو نزدیک واقع اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ حکام نے واقعے کی فوٹیج نشر کرنے پر پابندی عاید کردی ہے۔

ترکی میں اس ہفتے کے دوران دہشت گردی کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ گذشتہ اتوار کی شب ایک حملہ آور نے استنبول میں ایک نائٹ کلب میں نئے سال کی خوشیاں منانے والے لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں انتالیس افراد ہلاک اور انہتر زخمی ہوگئے تھے۔ مہلوکین میں سات سعودی اور تین لبنانی شہریوں سمیت سترہ غیرملکی تھے۔

Comments

comments

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here